بھٹکل:4/اپریل(ایس اؤنیوز) سمودایا دتا شالا پروگرام میں پولس عملے کی حاضری پر اسکول ترقی بورڈ انتظامیہ کے ممبران نے اعتراض جتاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ بچوں، سرپرستوں ، والدین اور اساتذہ کی میٹنگ کے درمیان پولس کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی۔ یہ واقعہ منگل کی شام تعلقہ کے سونار کیری پرائمری اسکول میں پیش آیا ہے۔
پولس کی موجودگی پر ممبران نے سوال اُٹھایا کہ یہاں پولس سکیورٹی کی کیا ضرورت ہے؟ پولس کی آمد سے خوف اور پیچیدگی کا ماحول پیدا ہونے پر ممبران نے سخت اعتراض جتایا۔ اسکول کی کارگزار صدرمدرسہ لکشمی نے بتایا کہ ہم نے اس سلسلے میں پولس کو کوئی اطلاع نہیں دی تھی، لیکن والدین نے اس سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے پولس افسران سے رابطہ کرتے ہوئے جانکاری لی ہے، جس کے ذریعے ہمیں پتہ چلا ہے کہ اسکول سے اطلاع پا کر ہی میٹنگ میں پولس عملے کو روانہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے پر ے صدر مدرسہ کو آڑے ہاتھوں لیا گیا اور معاملے کے متعلق پوری وضاحت کرنے پر ممبران بضد رہے ۔ یہاں اساتذہ کوئی وضاحت کئے بغیر اپنی جگہ خاموش رہے۔ اسکول کے اساتذہ کے تبادلے کو لے کر کئی مرتبہ بی ای اؤ سے اپیل کرنے کے بعد بھی کوئی فائدہ نہیں ہونے پر والدین نے ناراضگی کا اظہارکیا۔ معاملے کو لے کر بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار نے وضاحت کی ہے کہ اساتذہ اور اسکول بورڈ انتظامیہ کے درمیان کچھ اختلافات ہیں،منگل کو ہوئے معاملے کے متعلق مجھے کچھ بھی معلوم نہیں ہے، اس سلسلے میں انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کارروائی کریں گے۔